راولپنڈی میں جرگے کے حکم پر لڑکی کے مبینہ قتل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے اب تک 8 افراد کو حراست میں لے لیا، عدالت سے قبر کشائی کے آرڈر جاری کردیے تاہم 28 جولائی کو قبرکشائی کی جائے گی، دوسری جانب عدالت نے گرفتار 3 ملزمان کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
راولنپڈی کی مقامی عدالت نے قبر کشائی کے لیے 28 جولائی کی صبح 10 بجے کا وقت مقرر کردیا تاہم عدالت نے ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ ٹی ایم اے افسران کو انتطامات کرنے کا حکم دے دیا جبکہ مقتولہ کے ورثا کو بھی نوٹسز جاری کردیے۔
28 جولائی کو مجسٹریٹ کی موجودگی میں مقتولہ سدرہ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے گورکن، رکشہ ڈرائیور سمیت 8 افراد کو حراست میں لیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے 3 گرفتار ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ قمرعباس تارڑ کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزمان کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا، ملزمان میں راشد محمود، سیف الرحمان اور خیال محمد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مقتولہ کو جرگے کے حکم پر گلا گھونٹ کر مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا، قتل کے بعد قبر کے نشانات تک مٹادیے گئے تھے۔