ایشیا کپ 2025 کب اور کہاں کھیلا جائے گا؟ شیڈول اور وینیو کا اعلان ہوگیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے میچز کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ایشیا کپ پر خدشات کے بادل چھٹ گئے، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹورنامنٹ کے میچز کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔

محسن نقوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کی تصدیق کر رہا ہوں جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا، جس میں کرکٹ کے دلچسپ مقابلوں کے منتظر ہیں، ٹورنامنٹ کا تفصیلی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

قبل ازیں، بھارتی میڈیا نے دعوی کیا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ (بی سی سی آئی) کو ایشیا کپ کھیلنے کے لیے حکومتی اجازت مل گئی ہے، ساتھ ہی روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھی گرین سگنل مل گیا ہے۔

دریں اثنا، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے، لیگ میچ کے سپر فور مرحلے اور فائنل میں پہنچنے پر بھی پاک-بھارت میچز ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ کا شیڈول آئندہ 48 گھنٹے میں جاری کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 بھارت کی میزبانی میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، یو اے ای، ہانگ کانگ اور عمان کی ٹیمیں شریک ہونگی۔

Similar Posts