پاکستان نے امریکی جنرل مائیکل کوریلا کو نشانِ امتیاز ملٹری سے نواز دیا

0 minutes, 0 seconds Read

حکومت پاکستان نے امریکی سینٹرل کمانڈ (یو ایس سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا کو پاکستان اور امریکا کے درمیان پائیدار فوجی تعاون کو آگے بڑھانے میں ان کی خدمات اور اہم کردار کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ عسکری اعزاز نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا، دورہ پاکستان کے دوران جنرل کوریلا نے پاکستان کے صدر اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایوان صدر میں منعقدہ تقریب ایک پروقار تقریب کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا جبکہ صدر آصف علی زرداری نے جنرل کوریلا کو علاقائی سلامتی کے لیے ان کی شاندار خدمات اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر نشان امتیاز (ملٹری) کےاعزاز سے نوازا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے ان کی خدمات اور دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک دفاعی روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا گیا اورجنرل کوریلا کی وژنری قیادت نے باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاک فوج اور امریکی سینٹکام کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان کی مسلسل شمولیت پاکستان کے علاقائی امن و استحکام میں مرکزی کردار کے لیے گہری عزت و قدر کی مظہر ہے، یہ اعلیٰ قومی اعزاز نہ صرف جنرل کوریلا کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان اور امریکا کے مابین گہرے ہوتے عسکری تعلقات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران جنرل کوریلا نے صدرِ مملکت، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی، فوجی تعاون اور دہشت گردی سمیت ابھرتے ہوئے بین الاقوامی خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں ایوان صدر پہنچنے پر جنرل کوریلا کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ یہ اعزاز پاک-امریکا اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط بنیادوں اور دونوں ممالک کے علاقائی امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی توثیق کرتا ہے۔

قبل ازیں، اسلام آباد میں پاکستان کی زیرِ میزبانی ’مضبوط ربط، محفوظ امن‘ کے عنوان سے ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب کے دوران خطے میں امن، استحکام اور تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ درپیش چیلنجز کے تناظر میں اسٹریٹجک مکالمہ اور باہمی اعتماد اہمیت کا حامل ہے، پاکستان خطے کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے پُر عزم ہے۔

Similar Posts