کراچی میں مخدوش عمارتوں سے متعلق منصوبہ بندی کیلئے کمیٹی قائم، نوٹیفکیشن جاری

0 minutes, 0 seconds Read

کمشنر کراچی نے مخدوش عمارتوں سے متعلق طویل المدت منصوبہ بندی کے لیے کمیٹی قائم کردی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ کمیٹی وزیر بلدیات کی قیادت میں اپنی سفارشات 15 روز میں پیش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مخدوش اور خطرناک عمارتوں کے مسئلے کے حل کیلئے بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔ کمشنر کراچی کی جانب سے خطرناک عمارتوں سے متعلق طویل المدت منصوبہ بندی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ کمیٹی خطرناک اور مخدوش عمارتوں سے متعلق جامع سفارشات مرتب کرے گی اور ان کے مستقل حل کے لیے طویل المدتی حکمت عملی وضع کرے گی۔

کمیٹی وزیر بلدیات کی سربراہی میں کام کرے گی جبکہ کمیٹی میں چیئرمین سمیت 7 ارکان شامل ہوں گے، ارکان میں میئر کراچی، کمشنر کراچی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، آباد، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹ کے نمائندے شامل ہیں۔

کمیٹی کو 15 روز کے اندر اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے بعد ان سفارشات پر عملدرآمد کے ذریعے کراچی میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
لیٹر سینٹرل شیئرنگ

Similar Posts