’سوات انکوائری رپورٹ میں سفارشات پر عمل در آمد کیا جائے‘، محکمہ داخلہ کا آئی جی خیبرپختونخوا کو خط

0 minutes, 0 seconds Read

سانحہ سوات انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کے معاملے پر محکمہ داخلہ نے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ سوات انکوائری رپورٹ میں سفارشات پر من وعن عمل در آمد کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ سوات کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کو خط ارسال کیا ہے، جس میں انکوائری سفارشات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سوات پولیس کی غفلت اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے کی انکوائری کی جائے، متعلقہ افسران کے خلاف 60 دن میں کارروائی کی جائے اور 30 دن میں قانون و ضوابط میں خامیاں دور کرکے نیا نظام وضع کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق دریا کے کنارےعمارتوں اور سیفٹی کے لیے نیا ریگولیٹری فریم ورک 30 دن میں نافذ کیا جائے، پولیس کو دفعہ 144 کا سختی سے نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت دی جائے، حساس مقامات پر پولیس کی نمایاں موجودگی اور وارننگ سائن بورڈ نصب کیے جائیں۔

یاد رہے کہ 27 جون کو خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے تھے، جن میں سے کئی افراد کی لاشیں نکال لی گئیں اور 55 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

Similar Posts