انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شہریوں نے برتن بجا کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف انوکھا احتجاج کیا۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”غزہ جل رہا ہے“ اور ”فوری جنگ بندی کرو“ جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت کی پالیسیوں اور غزہ پر مسلسل حملوں کو ظلم قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اس کے علاوہ اسرائیل کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا اور ساتھ ہی ’بھوک کو ہتھیار بنانا جنگی جرم‘، ’غزہ اکیلا نہیں‘ کے نعرے لگائے گئے جبکہ حکومت سے غزہ امداد بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ادھر نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر سیکڑوں لوگوں کی جانب سے غزہ میں نسل کُشی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، لندن میں بھی برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے باہر ہزاروں افراد جمع ہوگئے اور انہوں نے خالی برتن بجا کر غزہ میں غذائی قلت ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔
اس کے علاوہ نیدرلینڈز ، ڈنمارک، لبنان، جرمنی، چلی، صومالیہ، یمن اور ایران میں بھی غزہ کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔