جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ لڑکی کا قتل: مقتولہ کے سسر نے پولیس کو تحریری درخواست دے دی

0 minutes, 0 seconds Read

راولپنڈی میں جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے شوہر عثمان کے والد محمد الیاس نے سی پی او راولپنڈی کو تحریری درخواست دے دی، جس میں کہا گیا کہ لڑکی نے اپنی رضامندی سے میرے بیٹے کے ساتھ نکاح کیا اور واپس نہیں جانا چاہتی تھی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ ہمارے گھر پر موجود تھی، پوچھنے پر معلوم ہوا کہ بیٹے عثمان کے ساتھ 12 جولائی کو گھر آئی ہے، مقتولہ نے بتایا کہ وہ عثمان کے ساتھ نکاح کرنا چاہتی ہے اور واپس نہیں جانا چاہتی، لڑکی نے اپنی رضامندی سے میرے بیٹے کے ساتھ نکاح کیا۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ مقتولہ نے مظفرآباد کی مقامی عدالت میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا، مقتولہ نے بتایا کہ اس کے خاوند نے اسے طلاق دے رکھی ہے اور وہ اپنی والدہ کے گھر سے عثمان کے ساتھ آئی تھی، لڑکی کے رشتہ دار ہمارے گھر آئے اور وہ لڑکی کو ساتھ لے گئے تھے۔

درخواست گزار کے مطابق رشتہ داروں نے بتایا تھا کہ وہ عزت کے ساتھ سدرہ کو واپس بھیجیں گے، میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ سدرہ کو قتل کر دیا گیا ہے، سدرہ کے ساتھ ہونے والے نکاح کی کاپی مقامی پولیس کو فراہم کر دی ہے، مقتولہ کے خاندان کے افراد بیٹوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب راولپنڈی کے پیر ودھائی تھانے کی حدود میں شادی شدہ خاتون کو جرگے کے حکم پر گلا گھونٹ کر مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا اور پھر راتوں رات تدفین بھی کر دی گئی تھی جبکہ قتل کے بعد قبر کے نشانات تک مٹادیے گئے تھے۔

خاتون کے قتل کے معاملے میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے گزشتہ رات خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

Similar Posts