بھارتی ریاست بہار کے ضلع منگر کے قریب ٹرین میں چوری کرنے والے ملزم کی مسافروں کے ہاتھوں پٹائی ہوگئی۔ چور ٹرین کے دروازے سے لٹک گیا، اس نے مزید پٹنے سے بچنے کے لئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی ۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں ایک شخص کو چلتی ہوئی ٹرین کے دروازے سے لٹکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو مبینہ طور پر موبائل فون چوری کرنے کے بعد مشتعل مسافروں سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
مبینہ چوری کے بعد مسافروں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی جس پر وہ ٹرین کے نچلے فٹ بورڈ سے لٹک گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر اسے بیلٹ سے مارنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ وہ خوف زدہ نظر آ رہا ہے۔ ایک موقع پر اس نے دھمکی دی کہ اگر اسے جانے نہ دیا گیا تو وہ دوسروں کو بھی اپنے ساتھ نیچے کھینچ لے گا۔
کچھ دیر تک فٹ بورڈ سے لٹکنے کے بعد، جب ٹرین ایک پل عبور کر چکی تو اس نے قریبی جھاڑیوں میں چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
واقعے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے سے ریلوے پولیس حرکت میں آ گئی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔