پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ اس بات کا اعلان پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کے روز کیا۔
اس اہم پیش رفت کے تحت اب پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس رکھنے والے افراد یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر بغیر ویزا کے داخل ہو سکیں گے، اور یہی سہولت اماراتی شہریوں کو پاکستان کے ہوائی اڈوں پر حاصل ہو گی۔
اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں کہا، ’ہم نے اپنے برادر ملک متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر باہمی ویزا چھوٹ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو اب مؤثر ہو چکا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کا عملی اظہار ہے۔‘
وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ یہ معاہدہ 25 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے اور اس کے تحت یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر پاکستانی سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اس سے قبل رواں ماہ یو اے ای کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کے دوران پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا میں تعاون اور تیزی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی شہریوں کے لیے یو اے ای کا سفر آسان ہو۔ ویزا پالیسی میں نرمی پاکستانی عوام کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہو گی۔‘
یاد رہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ معاشی، سفارتی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ یو اے ای نہ صرف مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی وہیں آباد ہے جو ملک کے لیے قیمتی زرِمبادلہ کا ذریعہ ہے۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ، پاکستان کے اسحاق ڈار اور یو اے ای کے شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، کے درمیان باقاعدہ یادداشتِ تفاہم (MoU) پر دستخط کے ذریعے طے پایا۔ اس معاہدے کو 30 دن کے اندر نافذ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے۔