سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے سزا یافتہ ملزمان کو 45 دن میں اپیل کا حق دینے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی جبکہ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی جانب سے وکیل خواجہ احمد حسین نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے 45 دن گزرنے کے باوجود ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کا قانون نہیں بنایا۔
درخواست کے مطابق سپریم کورٹ نے 7 مئی کو ملٹری کورٹس کے حوالے سے کیس کا فیصلہ سنایا تھا، جس میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملٹری کورٹس سے سزا پانے والے ملزمان کو اپیل کا حق دیا جائے۔ تاہم عدالتی فیصلے کے باوجود حکومت نے تاحال اس حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، لہٰذا وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔