گلگت، نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے حلف اٹھالیا

گلگت بلتستان کے قانون ساز اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد نامزد نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے جسٹس (ر) یار محمد سے نگران وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔

نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے حلف کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح شفاف اور غیرجانب دار انتخابات کا انعقاد ہے اور اس کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

نگران کابینہ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے سوچ وبچار کے بعد اہل اور دیانت دار افراد کو کابینہ میں شامل کریں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس (ر) یار محمد کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع استور سے ہے۔

حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران امیر مقام نے خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ عدالتوں کے جسٹس صاحبان، سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد، سابق صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، صوبائی سیکریٹریز، مختلف سیاسی شخصیات اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

Similar Posts