کاروباری جریدے کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے بیوٹی (اسکن کیئر) برانڈ 82°E کو رواں مالی سال بھی بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے اور آمدن بھی گزشتہ سال کی نسبت کم ہوئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے وزارتِ کارپوریٹ افیئرز کو جمع کرائی گئی تازہ رپورٹ کے مطابق برانڈ کو 2024-2025ء میں 12 کروڑ 26 لاکھ بھارتی روپے کا خسارہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال نقصان گزشتہ برس کی نسبت کم ہوا تاہم کمپنی اب بھی نفع میں نہیں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کمپنی کی آمدنی میں 30 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔ 2023-2024 میں 82°E نے 21.21 کروڑ روپے کمائے جبکہ 2024-2025 میں یہ رقم گھٹ کر 14.66 کروڑ روپے تک محدود رہ گئی ہے۔
اس کمپنی میں دپیکا، اُن کے والد سابق بیڈمنٹن چیمپئن پرکاش پڈوکون بطور ڈائریکٹر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
کمپنی نے حالیہ رپورٹ پر کہا کہ ’ہم اخراجات کم کرنے اور کاروبار کو مستحکم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم اب تک آمدنی میں مسلسل کمی کاروبار کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے‘۔