الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 9 مئی کیسز میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ کو نااہل قرار دے دیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گی جبکہ ان کی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اعجاز چوہدری کو مجرم قرار دے کر 10 سال کی سزا سنائی ہے، اعجاز چوہدری آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت رکن سینٹ رہنے سے نااہل ہوگئے ہیں۔
اسی طرح الیکشن کمیشن نے این اے 66 وزیر آباد سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ اور پی پی 87 میانوالی سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کے بعد دونوں ارکان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
9 مئی کیس: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سمیت 32 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا
نوٹیفکشن کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے احمد چٹھہ اور ملک احمد خان بھچڑ کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال کی سزا سنائی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد یہ تینوں نشستیں اب خالی ہوچکی ہیں اور ان نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوگا۔
یاد رہے یکہ احمد چٹھہ این اے 66 وزیر آباد اور احمد خان پی پی 87 میانوالی سے منتخب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل 9 مئی کے واقعات میں ملوث پی ٹی آئی رہنماؤں کو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سے 10،10 سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔