ولاگرز کی دکھاوے پر مبنی زندگی نوجوانوں میں غلط سوچ کو فروغ دے رہی ہے، صرحا اصغر

0 minutes, 0 seconds Read

معروف ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر نے ولاگرز اور یوٹیوبرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کو جس انداز میں پیش کرتے ہیں، وہ حقیقت سے بہت دور ہے اور اس سے معاشرے میں غیر حقیقی توقعات اور غلط رجحانات جنم لے رہے ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سوشل میڈیا، نوجوان نسل، والدین کے کردار اور معاشرتی ذمہ داریوں کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

لوگ کومل میر کو اپنے گھر کی بہو بنانے کے لیے پرتول رہے ہیں، یشما گل

صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ، ولاگرز جان بوجھ کر ایک ایسی زندگی دکھاتے ہیں جو عام انسان کی زندگی سے بالکل مختلف ہوتی ہے، وہ یہ سب اس لیے کرتے ہیں کیونکہ اگر وہ عام زندگی دکھائیں تو شاید لوگ انہیں دیکھیں ہی نہ۔“

انہوں نے مزید کہا کہ ولاگز میں دکھائی جانے والی غیر حقیقی محبت، مہنگے تحائف، پرتعیش طرزِ زندگی اور بناؤ سنگھار نوجوانوں میں احساسِ محرومی پیدا کرتا ہے اور وہ اپنی حقیقی زندگی کو کمتر محسوس کرنے لگتے ہیں۔

سارہ خان نے اپنے وائرل ’فیمینسٹ‘ بیان پر کھل کر بات کردی

صرحا اصغر نے حالیہ دنوں میں پیش آنے والے یوٹیوبر ثنا یوسف کے قتل کے افسوسناک واقعے پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد والدین کو اپنی آنکھیں کھولنی چاہئیں۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ ”والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کم عمری میں سوشل میڈیا کے بے لگام استعمال سے روکیں، کیونکہ ناپختہ ذہن ہونے کی وجہ سے اس عمر میں بچے یہ نہیں سمجھ سکتے کہ کون ان کا خیر خواہ ہے اور کون صرف دکھاوا کر رہا ہے۔“

صرحا کے مطابق، بچوں سے مضبوط تعلق ہی ان کی حفاظت کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ کیونکہ ان کے نزدیک اگر والدین کا بچوں سے رشتہ مضبوط ہو تو وہ اپنی ہر بات والدین سے شیئر کرتے ہیں اور اگر کچھ غلط بھی ہو رہا ہو تو والدین کو علم ہو جاتا ہے۔

صرحا اصغر نے معاذ صفدر اور ان کی اہلیہ صبا کے حالیہ ولاگ کا حوالہ بھی دیا، جس میں انہوں نے صبا کو لاکھوں روپے مالیت کا گلدستہ تحفے میں دیا تھا۔ اس گلدستے کی قیمت تین سے چار لاکھ روپے بتائی گئی تھی اوراسے لانے کے لیے خصوصی ٹرک کا بندوبست کیا گیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ، ”ایسے مہنگے تحائف یا اوور دی ٹاپ سرپرائزز دیکھ کر نوجوانوں میں ایک غلط سوچ پروان چڑھتی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ محبت یا خوشی کا اظہار صرف ان مہنگی چیزوں سے ہی ممکن ہے۔“

سوشل میڈیا کے عمل دخل کے بعد ولاگرزکا نوجوانوں اور معاشرے پر گہرا اثر ہوتا ہے اسی لیےصرحا نے ولاگرز سے اپیل کی کہ وہ اپنے مواد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا“ولاگرز کو ایسی چیزیں دکھانی چاہئیں جن پر یقین کرنا آسان ہو، جو عام لوگ بھی افورڈ کر سکیں، کیونکہ انہیں دیکھنے والوں کی تعداد بہت بڑی ہے اور ان کا اثر نوجوانوں پر گہرا ہوتا ہے۔“

Similar Posts