بھارت نے پاکستان کے خلاف ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈ کا سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق کل برمنگھم میں پاکستانی چیمپئنز کا بھارتی ٹیم سے ٹاکرا طے تھا۔
بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست کی نذر کرتے ہوئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے یہ قدم دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی اور حالیہ ایشیا کپ شیڈول پر بھارت میں ہونے والے سیاسی شور و غل کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت چیمپئنز کی ٹیم جس میں یووراج سنگھ، شیکھر دھون، یوسف پٹھان اور دیگر سابق کھلاڑی شامل ہیں، پہلے ہی گروپ مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر چکی تھی۔

اب سیمی فائنل میں بھی شرکت سے انکار کر کے بھارت نے ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی اور کھیل سے دوری پر مبنی پالیسی کو واضح کر دیا ہے۔
بھارتی ٹیم نے اپنی جگہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر بنائی تھی، لیکن اب اہم مقابلے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر کے نہ صرف کھیل کے جذبے کی نفی کی ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک منفی تاثر بھی چھوڑا ہے۔
دوسری جانب بھارتی اسپانسر ایزی مائی ٹرپ نے بھی پاکستان سے متعلق تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل سے خود کو علیحدہ کر لیا ہے اور ایک متعصب بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کھیل کو بار بار سیاست کا نشانہ بنانا نہ صرف کرکٹ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ کھیلوں کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کے امکانات کو بھی سبوتاژ کرتا ہے۔