صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو ایک خاتون کو دفتر میں ہراساں کرنے کے کیس میں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ محتسب نے فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جو متاثرہ خاتون کو بطور ازالہ ادا کیا جائے گا۔
فیصلے کے مطابق اگر مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، جبکہ ان کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جائے گا۔
متاثرہ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 2019 میں جب انہیں بطور چیف مارکیٹنگ آفیسر تعینات کیا گیا، اس وقت سے مونس علوی ان پر ڈنر پر ساتھ جانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ مونس علوی ان کے جسمانی خدوخال پر نازیبا تبصرے بھی کیا کرتے تھے۔
صوبائی محتسب نے خاتون کے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی کے رویے کو ہراسانی کے زمرے میں قرار دیا، اور سخت اقدامات کی ہدایت جاری کی۔