گیس صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ حکومت نے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کنکشنز پر پابندی کے خاتمے کی سمری ارسال کردی، گھریلو صارفین کو درآمدی گیس کے کنکشنز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے گیس صارفین کو درآمدی گیس کے کنکشنز فراہم کیے جائیں گے، درآمدی گیس کنکشنز کی فیس قدرتی گیس کنکشنز سے کئی گنا زیادہ ہوگی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گیس دستیابی میں کمی کے باعث 2019 میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگائی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ درآمدی گیس کے نئے کنکشن کی فیس 41 ہزار روپے تک ہوگی اور وفاقی کابینہ کی منِظوری کے بعد نئے گیس کنکشنز کا اجرا شروع کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ پیٹرولیم ڈویژن سے منسلک ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی حکومت نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کو نئے کنکشن کے لیے ہوم ورک مکمل کرنے اور نئے گھریلو اور کمرشل صارفین کی ضروریات کا اندازہ لگانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تمام سیکٹرز کو فراہم کی جانے والی گیس میں کمی کے باعث سسٹم میں اضافی گیس دستیاب ہے، سوئی کمپنیوں کے گیس نقصانات پر بھی بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، سسٹم میں اضافی گیس کے باعث ایل این جی کے 5 کارگوز کو مؤخر کیا گیا ہے۔