لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید برسات کی پیشگوئی کردی گئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال پر فیکٹ شیٹ جاری کردی۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں فیصل آباد میں 100 اور گجرانوالہ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔
اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ خانکی اور قادر آباد پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ ،چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، رود کوہیوں اور بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، تربیلا ڈیم 87 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 58 فیصد تک بھر چکا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال مون سون بارشوں سے حادثات میں 162 شہری جاں بحق اور 558 زخمی ہوئے جبکہ 214 گھر متاثر اور 121 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔