اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری، مغربی کنارے میں 2 بچے شہید، غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 لاشیں برآمد

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ آج ایک بار پھر غزہ سٹی، بیت لاہیا اور خان یونس میں فضائی حملے کیے گئے جبکہ توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔

مغربی کنارے میں بھی صورتحال سنگین ہو گئی جہاں قابض اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر 2 بچوں کو شہید کردیا۔ کارروائی کے دوران کئی شہری زخمی ہوئے اور علاقے میں گھر گھر تلاشی لی گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو ’’انتہائی نازک‘‘ قرار دیتے ہوئے فریقین سے مکمل احترام کی اپیل کی ہے تاکہ امن کی بحالی ممکن ہو سکے۔

ادھر غزہ میں ایک اجتماعی قبر سے 51 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ خان یونس سے اسرائیلی یرغمالی کی لاش بھی نکالی گئی ہے جسے آج اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا۔

غزہ سول ڈیفنس کے مطابق اب بھی درجنوں خاندان تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ محدود مشینری اور شدید تباہی کے باعث ریسکیو ٹیموں کو ملبہ ہٹانے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

Similar Posts