شادی سے پہلے منی اسکرٹ پہنتی تھی، بعد میں برقع بھی پہنا، فریال گوہر کا انکشاف

پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن فریال گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل وہ مغربی طرز کا لباس، خصوصاً منی اسکرٹ پہنتی تھیں، تاہم شادی کے بعد محبت میں برقع تک پہن لیا۔ انہوں نے یہ بات مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

فریال گوہر نے اپنی خاندانی پس منظر کے بارے میں بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق بھارتی ریاست گجرات سے تھا، لیکن ان کے آباؤ اجداد 1910 سے پہلے جنوبی افریقہ منتقل ہوگئے تھے۔ ان کی والدہ بعد ازاں برطانیہ چلی گئیں جہاں ان کے والد جو پاکستانی فوج میں تھے، سفارت خانے میں تعیناتی کے دوران ان سے ملے اور دونوں نے شادی کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ مغربی ماحول میں پلی بڑھی تھیں، اسی وجہ سے وہ خود بھی نوجوانی میں مغربی لباس پہنتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد گردوں کی بیماری کے باعث جلد انتقال کر گئے۔

فریال گوہر نے بتایا کہ 17 برس کی عمر میں انہیں پی ٹی وی میں مختصر کردار ملا جس میں صرف ان کا ہاتھ دکھایا گیا۔ بعد ازاں وہ ہاتھوں کی ماڈلنگ اور ڈراموں تک پہنچیں، جہاں ان کی ملاقات جمال شاہ سے ہوئی اور دونوں نے شادی کرلی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ جمال شاہ کے ڈمپل اور شخصیت نے انہیں متاثر کیا۔ “ان کی محبت میں برقع تک پہن لیا”—فریال گوہر نے ہنستے ہوئے کہا۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ سسرال والے ان کے اداکاری کے پیشے سے خوش نہیں تھے اور شادی کے بعد انہیں سخت رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

طلاق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شادی ختم ہونے کا سبب صرف جمال شاہ کا سست ہونا نہیں تھا بلکہ کئی دیگر وجوہات بھی تھیں، جنہیں انہوں نے بیان کرنے سے گریز کیا۔

Similar Posts