فیملی پنشن کا فیصلہ؛ شہری کی بیٹی کو ایک کروڑ  15 لاکھ سے زائد رقم جاری

پنشن کی عدم ادائیگی کی شکایت پر فوری کارروائی کے نتیجے میں  شہری کی بیٹی کو ایک کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کردی گئی۔

محتسب پنجاب نے بہاولنگر کے ایک شہری کی شکایت پر اہم فیصلہ کرتے ہوئے اس کی غیر شادی شدہ بیٹی کو ایک کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار روپے کی فیملی پنشن جاری کرنے کا حکم دیا۔

شہری کے مطابق یہ معاملہ طویل عرصے سے التوا میں تھا، تاہم شکایت درج ہوتے ہی اس پر فوری کارروائی کی گئی اور مشکل معاملہ حل ہوگیا۔

محتسب پنجاب نے محکمے سے پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کی وجوہات طلب کرلیں اور اس بات کی وضاحت بھی کی کہ غیر شادی شدہ بیٹی مکمل طور پر فیملی پنشن کی حق دار ہے۔ محکمے کو واضح ہدایت جاری کی گئی  ہے کہ مقررہ قانون کے مطابق فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری اپنی قانونی سہولت سے محروم نہ رہے۔

شہری نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر محتسب پنجاب کا فورم نہ ہوتا تو شاید اسے یہ حق کبھی نہ مل پاتا۔  دوسری جانب محتسب پنجاب کے مطابق شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے یہ فورم پوری طرح پُرعزم ہے اور آئندہ بھی فوری انصاف فراہم کیا جاتا رہے گا۔

Similar Posts