ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کردیے گئے، نوٹیفکیش جاری

0 minutes, 0 seconds Read

ملک بھر میں عوام کو سستی اشیائے خور و نوش فراہم کرنے والے یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے ہیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز وزیراعظم شہباز شریف اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد بند کیے گئے ہیں۔

وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج (31 جولائی 2025) سے یوٹیلٹی اسٹورز پر تمام خرید و فروخت ختم کردی جائے۔

حکومت کے فیصلے کے تحت تمام فعال اسٹورز پر موجود اسٹاک کو وئیر ہاؤسز میں منتقل کیا جائے گا جبکہ آئی ٹی سامان اور دیگر اثاثوں کی شفاف نیلامی کی جائے گی جبکہ کرائے پر حاصل کیے گئے اسٹورز کو یکم اگست سے خالی کرنے کے نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی (وی ایس ایس) پیکج کی فراہمی کی ہدایت بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے احتجاج بھی کیا لیکن ان کا مطالبہ منظور نہیں ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ہی ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز 31 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

ذرائع صنعت وپیداوار نے بتایا تھا کہ جولائی کے اختتام پر یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کردیا جائے گا اور اسٹورز کے تمام ملازمین کو رضاکارانہ اسیپریشن اسکیم آفر کی جائے گی۔

Similar Posts