پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کے روز تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی، جب امریکا کی جانب سے پاکستان پر عائد ٹیرف میں کمی کے فیصلے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نئی جِلا دی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 141,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 141,034.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس انٹرا ڈے میں 141,160.93 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا، جبکہ اختتامی سیشن میں 1,644.56 پوائنٹس یا 1.18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجہ امریکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والا نیا تجارتی معاہدہ ہے، جس کے تحت پاکستان کو اب 29 فیصد کے بجائے 19 فیصد ٹیرف کا سامنا ہوگا۔ یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک تازہ ایگزیکٹو آرڈر کے بعد سامنے آیا، جس میں کئی ممالک پر درآمدی محصولات عائد کیے گئے ہیں، تاہم پاکستان کو قدرے رعایت دی گئی ہے۔
ادھر، پاکستانی روپیہ بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم رہا اور انٹربینک مارکیٹ میں 15 پیسے بہتری کے ساتھ 282.72 روپے پر بند ہوا۔
یومیہ کاروباری حجم اور مالیت میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ آل شیئر انڈیکس کا حجم 609.71 ملین شیئرز رہا، جبکہ شیئرز کی مجموعی مالیت 50.55 ارب روپے تک جا پہنچی۔
ورلڈ کال ٹیلیکام 55.01 ملین شیئرز کے ساتھ سب سے زیادہ ٹریڈ ہونے والا اسٹاک رہا، اس کے بعد پاکستان پیٹرولیم اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے حصص سرگرم ترین رہے۔
جمعہ کو کل 483 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 199 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 246 میں کمی جبکہ 38 میں استحکام دیکھا گیا۔