نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (HAZECO) کے ساتھ بلوں کی ڈیجیٹل وصولی کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت این بی پی اپنی ڈیجیٹل خدمات کو مزید وسعت دے گا، جو بینک کی ڈیجیٹل منتقلی کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
معاہدے پر نیشنل بینک اسلام آباد کے جنرل منیجر نارتھ عمران گل اور ہیزکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر قاضی محمد طاہر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل سلوشنز نارتھ، ڈیجیٹل بینکنگ گروپ کے سربراہ ہشام جان کیانی اور این بی پی ایبٹ آباد کے ریجنل ہیڈ فخر الزمان بھی موجود تھے۔
اس شراکت داری کے ذریعے نیشنل بینک اپنے اسمارٹ پے اور ون لنک ریورس ایگری گیشن پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے ہیزکو کے تقریباً نو لاکھ صارفین کے بلوں کی بروقت اور مؤثر وصولی کو ممکن بنائے گا۔
دونوں اداروں کے سینئر عہدیداروں نے اس معاہدے کو صارفین کے لیے سہولت، بلنگ میں شفافیت، کیش فلو کے بہتر انتظام اور آپریشنل کارکردگی کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
یہ اقدام نیشنل بینک کی جدید مالیاتی حل فراہم کرنے کی صلاحیت، سرکاری شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ، اور پاکستان میں محفوظ و جامع ڈیجیٹل معیشت کے قیام میں اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔