انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھارتی کھلاڑی تنازعات کا شکار کیوں رہے؟

0 minutes, 1 second Read

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری پانچویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم کے کھلاڑی کے ایل راہول امپائر سے اُلجھ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

انگلینڈ کے دی اوول کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعے کو کے ایل راہول آن فیلڈ امپائر کمار دھرما سینا سے بحث کرتے نظر آئے۔ دونوں کے درمیان تکرار اس وقت شروع ہوئی جب انگلش بیٹر جو روٹ اور بھارتی فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے امپائر دھرما سینا نے روٹ اور کرشنا کے درمیان بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو اس موقع پر کے ایل راہول اپنے ساتھی کھلاڑی کے دفاع میں سامنے آگئے۔

راہول نے امپائر سے سوال کیا کہ کیا وہ چاہتے ہیں کہ بھارتی کھلاڑی صرف بیٹنگ اور بولنگ کریں اور میدان پر کوئی جذبات ظاہر نہ کریں۔

راہول نے امپائر سے سوال کیا کہ آپ ہم سے کیا کہنا چاہتے ہیں کہ ہم خاموش رہیں؟ جس پر دھرما سینا نے کہا کہ کسی گیند باز کو بلے باز کے اتنے قریب نہیں جانا چاہیے اور اس طرح کی زبانی بات چیت میں مشغول نہیں ہونا چاہیے۔

جس کے بعد راہول نے پھر امپائر سے جذباتی ہوکر پوچھا کہ آپ چاہتے ہیں کہ ہم صرف بیٹنگ کریں، بولنگ کریں اور پھر گھر واپس چلے جائیں؟ جس پر کمار دھرما سینا نے کہا ہم میچ کے آخر میں اس پر بات کریں گے۔ آپ اس طرح بات نہیں کر سکتے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران کئی تنازعات سامنے آئے ہیں۔ تقریباً ہر میچ میں ایسے واقعات پیش آتے رہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی خاصی توجہ حاصل کی۔

انگلینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کے کھلاڑی بے سکونی کے عالم اور جذباتی دکھائی دیے۔ جب جب انگلش کھلاڑی وکٹ پر جم جاتے تو بھارتی کھلاڑی دباؤ میں آجاتے اور وہ سلیجنگ کا سہارا لیتے ہوئے بلے بازوں کی وکٹیں لینے کی کوشش کرتے۔

ہینڈ شیک تنازع

چوتھے ٹیسٹ کے میچ کے دوران ہینڈ شیک تنازع اس وقت سامنے آیا جب انگلش کپتان بین اسٹوکس نے میچ کے آخری دن کھیل کو ڈرا کرنے کی پیشکش کی، اُس وقت بھارتی کھلاڑی رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر سینچریوں کے قریب تھے، اسی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے کھیل جاری رکھا۔

بعد ازاں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ میچ کے بعد اسٹوکس نے تمام بھارتی کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا لیکن جڈیجا سے نہیں کیا اور جڈیجا کی باری آتے ہی انہوں نے منہ موڑ لیا۔

ویڈیو کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس پر سوشل میڈیا پر بین اسٹوکس پر غصے کا اظہار کیا گیا۔ چند ویڈیوز ایسی بھی سامنے آئیں جس میں بین اسٹوکس کو رویندر جڈیجا کو سب سے پہلے ہاتھ ملاتے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ تصویر کا دوسرا رخ سوشل میڈیا پر کبھی نہیں دکھایا جاتا۔

بھارتی بولر کا نامناسب جشن اور جرمانہ

لارڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش بیٹر بین ڈکٹ کی وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے محمد سراج نے اسپورٹس مین شپ کی خلاف ورزی کی تھی۔ انہوں نے نہ صرف بین ڈکٹ کے قریب جاکر چیختے ہوئے جملے کسے بلکہ انگلش بلے باز سے اپنا کندھا بھی ٹکرایا تھا۔ بعد ازاں آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر محمد سراج پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔

شبمن گل اور زیک کرولی کے درمیان تکرار

لارڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارتی کپتان شبمن گل اور انگلش بیٹر زیک کرولی کے درمیان گرما گرمی دیکھنے کو ملی تھی۔

شبمن گل نے انگلش اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکیٹ کے ٹائم ویسٹ کرنے کے رویے پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔ گل نے انگلش بلے بازوں کو غصے میں نازیبا اشارے بھی کیے تھے۔

گوتم گمبھیر کا پچ کیوریٹر پر غصہ

یہ انوکھا واقعہ بھی بھارت اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے درمیان پیش آیا مگر اس بار تنازع کا شکار بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بنے۔

اوول گراؤنڈ کے دورے کے دوران بھارتی ہیڈ کوچ میزبان پچ کیوریٹر لی فورٹس سے الجھ پڑے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے قبل بھارتی کوچنگ اسٹاف نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا۔ ابتدا میں سب کچھ ٹھیک رہا مگر جلد ہی گمبھیر کا لہجہ تلخ ہو گیا اور وہ بار بار کیوریٹر کی طرف انگلی اٹھا کر انہیں دھمکانے لگے۔ گمبھیر نے تلخ لہجے میں کہا تھا کہ آپ ہمیں مت بتائیں کہ کیا کرنا ہے۔

Similar Posts