عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب میں اپنی زندگی ہمیشہ کے لیے گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس ملک کو امن اور سلامتی کی جگہ قرار دیا ہے۔
رونالڈو، جنہوں نے حال ہی میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد سعودی کلب النصر کے ساتھ معاہدہ بڑھایا ہے، نے بتایا کہ وہ اور ان کا خاندان سعودی عرب میں خود کو حقیقی معنوں میں گھر جیسا محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے سعودی پرو لیگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی ’ٹاپ پانچ لیگوں‘ میں سے ایک ہے اور انہوں نے پیش گوئی کی کہ 2034 میں سعودی عرب میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے خوبصورت ورلڈ کپ ہوگا۔
رونالڈو کا سعودی کلب النصر کے ساتھ مزید 2 سالہ معاہدہ طے پا گیا
رونالڈو نے النصر کلب کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید کا اعلان کیا ہے، جو 2027 تک جاری رہے گا، جس کے بعد وہ اپنی عمر کے 42 سال کے ہو جائیں گے۔ اس نئے معاہدے کے تحت سالانہ 188 ملین یورو کی رقم ملے گی، جو پاکستانی روپے میں تقریباً 61 ارب 50 کروڑ کے برابر بنتی ہے۔ یعنی رونالڈو کو ہر روز 16 کروڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے ملیں گے۔
کلب کی یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں رونالڈو نے کہا، ’میرا خاندان ہمیشہ میرے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور ہم سعودی عرب میں خوش ہیں۔ لوگ ہمارے ساتھ انتہائی گرمجوشی سے پیش آتے ہیں، اسی لیے ہم یہاں زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور اپنا گھر بنانا چاہتے ہیں۔‘
رونالڈو نے کہا کہ انہوں نے معاہدے میں توسیع اس لیے کی ہے کیونکہ ان کا ایک ادھورا مقصد ابھی باقی ہے، النصر کے ساتھ ایک بڑا ٹائٹل جیتنا۔ اگرچہ انہوں نے کنگ سلمان کلب کپ جیتا ہے، لیکن وہ ابھی تک کسی بڑے ملکی یا بین الاقوامی چیمپئن شپ کا دعویدار نہیں بنے۔
رونالڈو کا اپنی گرل فرینڈ جارجینا کو ’بیوی‘ کہنا بھاری پڑ گیا
’میں اب بھی اس ہدف پر یقین رکھتا ہوں، اسی لیے میں نے دو سال کے لیے معاہدہ بڑھایا۔ میرا یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپیئن بنوں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’یہ فیصلہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا، میں نے محسوس کیا کہ آرام کرنا اور طویل سیزن کے لیے تیار ہونا زیادہ ضروری ہے جو ورلڈ کپ کے ساتھ ختم ہوگا۔ میں بہترین حالت میں رہنا چاہتا ہوں، نہ صرف النصر کے لیے بلکہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بھی۔‘