عمران خان کی بیٹوں کے پاکستان آنے کی تصدیق؛ ’سیاست یا کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے‘

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اپنے بیٹوں سے ٹیلیفون پر طویل گفتگو کروائی گئی ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ ان کی ’ڈیڑھ گھنٹے سے زائد بچوں سے بات ہوئی ہے‘۔

عمران خان نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بچے مجھ سے ملنے پاکستان آئیں گے، اور خوشی ہے کہ اب مجھے اخبارات بھی مل رہے ہیں اور ٹی وی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔‘

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بچے ’کسی سیاسی سرگرمی یا احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے بچوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ کسی تحریک کا حصہ ہوں گے۔‘

’عمران خان کے بیٹوں کا نائیکوپ گم ہوگیا‘

اس حوالے سے جب علیمہ خان سے سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان کے بیٹے پاکستان آ رہے ہیں تو انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس اوور سیز پاکستانیوں کیلئے جاری کیا جانے والا شناختی کارڈ (نائیکوپ) تھا لیکن وہ گم ہو گیا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ بچوں نے نئے نائیکوپ اور ویزے کیلئے درخواست دی ہے مگر حیران کن طور پر سفارت خانے نے کہا ہے کہ انہیں ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

علیمہ خان نے کہا، ’میرے پاس بچوں کی دی گئی درخواست کا ٹریکنگ نمبر موجود ہے۔ ایک دوست نے پاکستانی سفیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ سے اجازت لینی ہوگی۔ میں نے انہیں کہا کہ اجازت جس سے بھی لینی ہو، محسن نقوی سے لے لیں۔ کل خبر آئی کہ وزارتِ خارجہ ویزا دے گی، اب ایمبیسڈر صاحب کسی سوال کا جواب نہیں دے رہے۔‘

Similar Posts