جنوبی افریقا نے ورلڈ چیمپئنز لیگ کا تاج سر پر سجا لیا، پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست

0 minutes, 0 seconds Read

انگلینڈ کے شہر ایجبیسٹن میں ورلڈ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں جنوبی افریقا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

جنوبی افریقا نے ای بی ڈی ولیئرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 196 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اے بی ڈی ولیئرز نے صرف 51 گیندوں پر 120 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

ہاشم آملہ 14 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ورلڈ چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف 196 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

شرجیل خان کی جارحانہ اننگز 76 رنز اور عمر امین کی 36 رنز کی اہم اننگز شامل تھی۔ تاہم یہ مجموعہ جنوبی افریقا کے لئے کوئی بڑی رکاوٹ نہ بن سکا۔

شرجیل کی اننگز نے پروٹیز کے باؤلرز کو دباؤ میں ڈالا اور میچ کے وسط میں ٹیم کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد، عمر امین نے 19 گیندوں پر 36 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو مزید مضبوط کیا۔

آخری 5 اوورز میں آصف علی نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 28 رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ اس طرح پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 61 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقا کے باؤلرز میں وین پارنیل نے 32 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈواین اولیور اور ہارڈس ویلجون نے بھی اہم وکٹیں حاصل کیں۔

Similar Posts