کراچی کے علاقے ملیر 15 ملت گارڈن کے قریب ایک گھر میں جائیداد کے تنازعے پر ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے غیرملکی خاتون زخمی ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلپائنی خاتون، جو ناصر نامی پاکستانی شخص کی بیوہ ہیں، اپنے شوہر کے انتقال کے بعد جائیداد میں حصہ لینے سسرال پہنچی تھیں۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق جھگڑا اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب خاتون اور اس کے دیور دانش کے درمیان تکرار ہوئی۔ تنازعے کے دوران دانش نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون کو دو گولیاں لگیں۔
اسلام آباد سے غیرملکی کی لاش برآمد
زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزم دانش موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جائیداد کی تقسیم پر پرانے جھگڑے کا شاخسانہ ہے اور تحقیقات مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔