ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر شہباز شریف کی جانب سے پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ یہ ملاقات ان کے دو روزہ سرکاری دورہ پاکستان کے دوران اہم سفارتی سرگرمی کا حصہ ہے۔

ایرانی صدر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے اور اپنے دورے کے آغاز پر انہوں نے لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی غیر رسمی ملاقات کی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی آج کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ملاقات میں تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، اور علاقائی امن و سلامتی جیسے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں پارلیمانی سطح پر تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں اعلیٰ حکومتی اور سفارتی شخصیات شرکت کریں گی۔

آج شام ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات شیڈول ہے، جہاں دونوں صدور کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوگی۔ صدر پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کے دورے کو پاک ایران تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان معاشی و سفارتی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

Similar Posts