عمر ایوب نے علی امین گنڈا پور سے استعفیٰ مانگنے کی خبروں کی تردید کردی

0 minutes, 0 seconds Read

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے استعفیٰ مانگنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا ہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کے استعفے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے کے حوالے سے عمران خان نے کوئی بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے جب مرضی پاکستان آئیں، پاکستان تحریک انصاف کی پوری قیادت ان کو ویلکم کہیں گی، ہائبرڈ حکومت دو نوجوان لڑکوں سے خوفزدہ ہے، بانی کے بیٹے والد کی ہدایات پر عمل کریں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ 5 اگست کا احتجاج کوئی احتجاجی تحریک نہیں، ہر ضلع اپنے اپنے طور پر احتجاج کرے گا، بانی کی طرف سے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی کوئی ہدایات نہیں آئی، عمران خان کا مطالبہ ہے کہ آپریشن کے بجائے مذاکرات ہونے چاہئیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی سزائیں بھونڈا مذاق ہے، 7 مئی کو اپنے والد مرحوم گوہر ایوب خان کی تیمارداری میں مصروف تھا، ہمیں دی جانے والے سزاؤں میں 7 مئی، 5 مئی اور 9 مئی میں ملوث قرار دینے کا کوئی ثبوت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری شوگر ملوں میں پیسے کما رہے ہیں، محسن نقوی نے یوکرائن سے ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی جس سے کسان کو نقصان ہوا، چیف جسٹس کو خط لکھا کہ عدالتیں رات 3 بجے تک سماعت کررہی ہے ہمیں جرح کرنے کا موقع نہیں دیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ عوام کی قوت خرید ختم کی گئی، ان کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا، چینی کی قیمت 164 مقررہے جو 200 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر 80 روپے لیوی ڈیوٹی لی جا رہی ہے۔

Similar Posts