کوہستان کے گلیشیئر سے 28 برس پہلے لاپتا ہونے والے شخص کی لاش مل گئی ، نصیرالدین 1997 میں گھوڑے سمیت گلیشیئرکی دراڑ میں گر گیا تھا۔ پولیس کے مطابق نصیرغیرت کے نام پر بھائی کے قتل پر علاقے سے فرار ہوا تھا۔
کوہستان میں 28 سال قبل گلیشیئر کی دراڑ میں گر کر لاپتا ہونے والے نصیرالدین کی لاش مل گئی، نصیر الدین کی لاش برفانی گلیشیئر سے ملی۔ لاپتا شخص کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اٹھائیس سال سے نصیر الدین کو تلاش کر رہے تھے۔
مقامی افراد نے پگھلتے گلیشیئر سے انسانی جسم ملنے کی اطلاع دی، پولیس نے شناخت اور مزید حقائق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نصیرالدین 1997 میں سپیٹ ویلی سے واپسی پر گھوڑے سمیت گلیشیئر کی دراڑ میں گر کر لاپتا ہو گیا تھا۔
مقامی چرواہے عمر خان نے یکم اگست کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سیر کے دوران انسانی لاش دیکھی۔ عمر خان نے بتایا کہ ’لاش بالکل صحیح سلامت تھی۔ کپڑے بھی پھٹے ہوئے نہیں تھے۔‘ تلاشی لینے پر انھیں ایک شناختی کارڈ ملا جس پر نام ’نصیر الدین‘ درج تھا۔
نصیر الدین نے سوگواروں میں دو بچے اور بیوہ چھوڑی تھیں۔ کوہستان کے علاقے پالس کے یہ رہائشی خاندانی دشمنی کی بنا پر اپنا علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق نصیر الدین کے ایک بھائی گردیز کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا اور یہی ان کے علاقہ چھوڑنے کی وجہ بنی تھی۔