گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ نہروں کے مسائل پراس وقت تک قدم نہیں اٹھایا جائے گا جب تک سب اتفاق نہ کرلیں۔ وزیراعظم نے ناراضی کا اظہار کیا کہ پنجاب لیول کی کمیٹیاں ملاقات کیوں نہیں کررہیں۔
آج نیوز کے پروگرام انسائٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ وزیراعظم کی بات کو پیپلز پارٹی نے رد کیا کہ ممکن نہیں پانی ستلج سے آئے۔ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی، پہلے بھی وعدے ہوئے تھے، امید ہے اچھے نتائج نکلیں گے۔
گورنرپنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کے مسائل پر اس وقت تک قدم نہیں اٹھایا جائے گا جب تک سب اتفاق نہ کر لیں۔ نہروں کے معاملے پرفیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا، نہروں کے معاملے پراتفاق رائے سے آگے بڑھیں گے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملکی حالات اب بہتر ہورہے ہیں، اس طرح کے فیصلوں سے صوبوں میں بدگمانی بڑھے گی۔ وزیراعظم نے ناراضی کا اظہار کیا کہ پنجاب لیول کی کمیٹیاں ملاقات کیوں نہیں کررہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اگرمسلم لیگ ہمیں جگہ نہیں دے گی تو پھر دیکھ لیں کس طرح پی ٹی آئی نے جگہ لے لی۔
ضمیمہ نکالنے سے بہتر ہے عوام فیصلہ کر لیں۔ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں تو فیصلہ ہو جائے گا، کس کی کیا کارکردگی ہے۔ میرے خیال میں انتخابات حل نہیں ہیں، سیاستدان بڑے ہی نالائق ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے گفتگو میں مزید کہا کہ پنجاب حکومت تجاوزات ہٹائے لیکن کسی غریب کے پیٹ پر لات نہ مارے۔ اگر ٹھیلے والوں کو متبادل جگہ نہ دی گئی تو بڑی زیادتی ہوگی۔
آج نیوز کے پروگرام انسائٹ وِد عامرضیا میں بلوچستان کے حالیہ واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ایک دو ہفتوں سے بولان پاس کے نزدیک کچھ زیادہ واقعات ہوئے۔ ان حالات کو حل کرنے کے لیے ایک سلسلہ شروع کرنا ہوگا۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ اس صورت حال کے لیے خاطرخواہ اقدامات کرنے چاہیے تھے۔ جب تک سیاسی مذاکراتی عمل کے لیے تیار نہیں ہوں گے، اعتماد سازی کا ماحول نہیں بنے گا۔ کل صدر کی تقریر بلوچستان اور کے پی کے کی صورت حال کا ذکر نہیں ہوا۔