الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے کل 27 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن میں معروف شاعر حبیب جالب کی بیٹی بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، اویس انجم اور میاں جمیل نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا مشہود احمد اور حافظ میاں نعمان میدان میں ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے معروف انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ جالب نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جبکہ پارٹی کے ایک اور رہنما آصف ناگرہ بھی اس انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 8 اگست سے شروع ہوگا، جبکہ این اے 129 لاہور میں ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگی رہنما میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔