راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں شادی شدہ خاتون کے قتل کیس میں اہم پشرفت سامنے آئی ہے۔ قتل کا حکم دینے والے جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے جرگے کے حکم پر تھانہ پیر ودھائی کے علاقے فوجی کالوجی میں سدرہ عرب کو قتل کرنے والے جرگے کے سربراہ عصمت اللہ پر اسلحے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ پنجاب آرمز آرڈیننس 2015 کے تحت پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم عصمت اللہ نے اسلحہ لے کر مظفر آباد آزاد کشمیر جانے کا اعتراف کیا، دوران تفتیش ملزم عصمت اللہ نے مقتولہ سدرہ کے قتل کا اعتراف کیا۔
متن میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ برادری کے فیصلے کے مطابق سدرہ عرب کا قتل کیا، ملزم نے بغیر لائسنس اسلحے کا استعمال کرکے جرم کا ارتکاب کیا۔
ملزم عصمت اللہ کی ٹاک ٹاک بناتے ہوئے ویڈیو وائرل
دوسری جانب راولپنڈی میں سدرہ قتل کیس کے ملزم عصمت اللہ کی ٹاک ٹاک بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
عصمت اللہ اور اس کے ہمراہ آنے والے عدالت پیشی پر ٹک ٹاک بناتے رہے، ملزم آزادی سے ویڈیوز بناتے رہے اور کوئی پولیس اہلکار موجود نہیں تھا جبکہ پولیس کی جانب سے ویڈیو بنانے پر کوئی روک ٹوک نہ کی گئی۔
ملزم عصمت اللہ کی ویڈو وائرل ہونے پر شہریوں نے پولیس پر تنقید کی ہے۔
یاد رہے کہ 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں شادی شدہ خاتون کو قتل کر کے قبرستان میں دفن کر دیا گیا تھا۔