حج درخواستوں کی وصولی کیلئے نامزد بینک ہفتے کو کھلیں گے یا نہیں؟ وزارت مذہبی امور نے بتادیا

0 minutes, 0 seconds Read

ترجمان وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ رجسٹرڈ عازمینِ حج سے درخواستوں کی وصولی ہفتہ 9 اگست 2025 کو بھی جاری رہے گی، جس کے پیش نظر تمام نامزد بینکوں کو کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

بینک دولت پاکستان نے حج 2026 کے رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو درخواست فارم جمع کرانے میں سہولت دینے کی خاطر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر 14 مجاز بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی مجاز برانچیں ہفتہ 9 اگست 2025 کو صبح 9 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک کھلی رکھیں۔

قبل ازیں حج پالیسی کے حوالے سے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے 14 بینکوں (یعنی نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، یو نائیٹڈ بینک ، ایم سی بی بینک ، الائیڈ بینک، بینک الفلاح، زرعی ترقیاتی بینک ، فیصل بینک، عسکری بینک، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، سونیری بینک، میزان بینک اور بینک اسلامی) کو اجازت دی تھی۔

اسٹیٹ بینک نے مذکورہ بینکوں کو اجازت دی تھی کہ وہ حج 2026 کے لیے ملک بھر میں رجسٹرڈ درخواست گزاروں سے حج درخواست فارم 4 اگست تا 9 اگست 2025 تک وصول کرسکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 58 ہزار سے زائد حج درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ درخواست گزار اپنی سہولت کے مطابق آن لائن یا قریبی نامزد بینک برانچ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

Similar Posts