جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ سے زخمی غیر ملکی خاتون کی حکام سے انصاف کی اپیل

0 minutes, 0 seconds Read

شوہر کی وراثت کے دعوٰی کیلئے جاپان سے کراچی آنیوالی غیرملکی خاتون کوسسرال کی شدید مخالفت کا سامنا دیور کی فائرنگ سے زخمی فلپائنی نژاد جاپانی خاتون نے انصاف کی اپیل کردی ہے۔

جاپان سے کراچی وراثت کے دعوے کے لیے آنے والی فلپائنی نژاد جاپانی خاتون ڈیلیا البرطو ناصر کو ملیر کے ملت گارڈن میں مبینہ طور پر دیور کی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ ٹانگ اور سینے پر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئیں۔

متاثرہ خاتون 3 اگست کو اپنے بچوں کے ہمراہ جاپان سے کراچی پہنچی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مرحوم شوہر کی ملکیتی جائیداد کا قبضہ لینے ملت گارڈن آئی تھیں، لیکن وراثتی تنازع کے دوران دیور نے ان پر گولیاں برسا دیں۔

پولیس کے مطابق، ملزم دانش نے فائرنگ کے بعد قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر لی اور اب روپوش ہے۔ مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور پولیس تفتیش جاری ہے۔

ڈیلیا البرطو ناصر نے آج نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ”میں جاپان سے اپنے شوہر کی وراثت کے لیے آئی، لیکن میرے دیور نے مجھے گولی مار دی۔ مجھے انصاف چاہیے۔“

واقعے نے وراثتی جھگڑوں کے دوران پیش آنے والے خطرناک رجحانات کو بے نقاب کر دیا ہے، خاص طور پر جب متاثرہ فرد کا تعلق بیرونِ ملک سے ہو۔ خاتون نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

Similar Posts