سیلاب سے متاثرہ طالبعلم کی میٹرک امتحان میں پوزیشن، وزیراعظم سے ملاقات میں کیا کہا؟

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ نے ملاقات کی ہے، جنہوں نے راولپنڈی میں میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقے کے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ نے تمام مشکلات کے باوجود میٹرک کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ملاقات کے لیے بلالیا۔

طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ جب وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا خیرمقدم کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اکرام اللہ کاکڑ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر تھا ، 2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور ان کے تعلیمی اخراجات براداشت کرنے کا اعلان کیا تھا ، آج یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ اکرام اللہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے ۔

جس پر اکرام اللہ نے کہا کہ پچھلی مرتبہ میں نے آپ سے پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا جو میں نے پورا کیا اور آپ سے ملاقات کے لیے آیا ہوں۔ میں آپ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کروں گا کیونکہ آپ بھی ملک و قوم کے لیے بہت محنت کررہے ہیں۔

وزیر عظم نے اکرام اللہ کو یاد دلایا کے گزشتہ ملاقات میں آپ نے کہا تھا کہ ہمارے علاقے میں کوئی اسکول نہیں، بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے بہت دور جانا پڑتا ہے اور مجھے تعلیم حاصل کرنے کا بڑا شوق ہے، پھر میں اکرام اللہ کو لارنس کالج لے آیا اور گزشتہ روز جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ آپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا۔

طالب علم اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ لوگ سیاست میں ہر کسی کے لیے کچھ نا کچھ کرتے ہیں لیکن آپ کا رویہ میرے ساتھ سیاست سے ہٹ کر تھا ، آپ نے بہت ہی پسماندہ علاقے سے ایک بچہ لیا اور اس کو لارنس کالج میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا ۔

طالب علم نے کہا کہ آپ نے مجھے ملک کے بہت بڑے تعلیمی ادارے میں پڑھنے کا موقع دیا، ہمارے کالج میں ٹاپ تھری اسٹوڈنٹس کو اسکالر شپ ملتی ہے لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں ڈبل اسکالر شپ حاصل کروں گا۔

اکرام اللہ نے مزید کہا کہ میں پہلے بھی اسکالر شپ پر پڑھ رہا تھا اور الحمد اللہ میں نے محنت کی اور مجھے یہ اسکالر شپ ملی ہے، میری کامیابی آپ کی مرحون منت ہے۔ میرے ملک کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے اور میں مزید محنت کروں گا اور اپنی استعداد سے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کروں گا۔

شہباز شریف نے طالب علم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ ایک بہترین ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو اللہ تعالیٰ کاکرم ہے، آپ نے بہت محنت کی ہے ، اس کالج نے بہت بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں ۔

وزیر اعظم نے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا تو اکرام اللہ نے کہاکہ میں سی ایس ایس کرنا چاہتا ہوں اور انٹر میڈیٹ میں بھی محنت کر کے بیرون ملک اسکالر شپ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا کیونکہ مجھے بچپن سے ہی آکسفورڈ جانے کا شوق ہے، انشا اللہ میں ملک و قوم کا نام سربلند کروں گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے طالبعلم اکرام اللہ کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ تحفہ مستقبل میں آپ کی پڑھائی اور عملی زندگی میں بھی کام آئے گا ۔

Similar Posts