کراچی میں ڈمپرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعت شرجیل میمن نے ڈمپرز مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کرادی ہے جس پر ڈمپرز ایسوسی ایشن نے راشد منہاس روڈ اور سپرہائی وے پر دھرنا ختم کردیا ہے۔
کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر رات گئے ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کی ہلاکت پر ڈمپرز جلانے کے خلاف ڈمپر ایسوسی ایشن کی جانب سے 2 مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے گئے۔
جس کے بعد ڈمپرز ایسوسی ایشن اور سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہوگئے ہیں۔ سینئر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ڈمپرز مالکان کو معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کامیاب مذاکرات کے بعد ڈمپرز ایسوسی ایشن نے راشد منہاس روڈ سے بھی دھرنا ختم کردیا ہے۔ اس سے پہلے سہراب گوٹھ کا دھرنا بھی ختم کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ڈمپرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نقصانات کا ازالہ کل تک کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے قریب رات گئے خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی، حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہوگئے تھے۔
حادثے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہونے پر مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی تھی اور موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر کے ڈرائیور پر بھی تشدد کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور 10 سے زائد مشتعل شہریوں کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ واقعے کے بعد راشد منہاس روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے آگ لگائے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی تھی۔