بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کرکے جنگ چھیڑی اور پھر پاکستان نے اسے مکمل کیا، بلاول بھٹو

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کر کے جنگ شروع کی مگر پھر اسے مکمل پاکستان نے کیا۔ پاکستانی عوام میں اتنی طاقت ہے وہ نہ صرف جنگ میں بھارت کا مقابلہ کرسکتے ہیں بلکہ ان سے 6 دریا واپس بھی حاصل کرسکتے ہیں اور اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہم پیچھے ہٹنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔

پیر کے روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھٹ شاہ پہنچے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن اور نثار کھوڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس میں شرکت کی، جہاں وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر ایوارڈز تقریب میں شرکت کی، تقریب میں لوک اورصوفی فنکاروں نے کلام پیش کیے۔

بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب شاہ عبداللطیف بھٹائی کے ماننے والے ہیں، شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر دوسری بار آیا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو تاریخی جواب دیا، تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات کو بھول کر وطن کا دفاع کیا، پاکستان نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی، نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے بقول بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی ہماری سرزمین پر حملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی، فخر کی بات ہے پاکستان نے جنگ شروع نہیں کی لیکن ختم کی، کامیاب سفارت کاری کے ذریعے بھارت کے جھوٹ کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے بقول پانی 24 کروڑلوگوں کی لائف لائن ہے، پانی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی، عوام میں اتنی طاقت ہے کہ 6 کے 6 دریا واپس حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا سندھو دریا پر حملہ ہماری تاریخ اور ثقافت پر حملہ ہے، سندھو دریا پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی، جنگ چھیڑی تو مودی کو بتادیں گے ہم جھکنے والے نہیں۔

Similar Posts