امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے جبکہ بی ایل اے کے تمام اتحادیوں کو بھی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کامیاب دورہ امریکا کے بعد پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی مل گئی ہے۔ بھارتی اسپانسرڈ بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔

کالعدم بی ایل اے سیکڑوں پاکستانیوں کے خون ناحق کی ذمہ دار ہے، مودی سرکار کے آشیرباد سے کئی مقامات پر خون کی ہولی کھیلی گئی۔ پاکستان کئی سال سے انہیں دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کا مطالبہ کررہا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ 2019 میں بی ایل اے کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا جبکہ مجید بریگیڈ کا نام بی ایل اے کے عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشت گردی کی روک تھام کے لیے عزم برقرار ہے۔

اعلامیے کے مطابق بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی جبکہ 2025 میں بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ میں 31 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور 300 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

دہشت گردوں کی مالی اور لاجسٹک سپورٹ روکنے کے لیے سخت اقدامات نہ صرف فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بڑا دھچکا ہے بلکہ ان کے بھارتی سرپرستوں کے منہ پربھی زناٹے دارتماچہ ہے۔

امریکا کا فیصلہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے، طلال چوہدری

اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکا کا فیصلہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے، ثمرات میں فیلڈ مارشل اور شہبازشریف کی ٹیم کی محنت شامل ہے، وزیر خارجہ، وزیرداخلہ اور وزیرخزانہ کی بھی بہت محنت ہے۔

طلال چوہدری کے بقول ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، پاکستان کے امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بحال ہوئے ہیں، اب پاکستان کا نام فخر سے لیا جاتا ہے۔

بھارت بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو بھی سپورٹ کرتا ہے، عبدالباسط

پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط نے کہا کہ ہمیں اب بھارت کو بے نقاب کرنا ہے، بھارت بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو بھی سپورٹ کرتا ہے، بھارت نے پاکستان کے اندر بہت سے لوگوں کو ہلاک کروایا۔

عبدالباسط کے بقول پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں اپنی کاوشیں تیز کرنا ہوں گی تاکہ منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ کرنے والے بھارت کو گرے لسٹ میں ڈلوایا جائے۔

Similar Posts