بھارتی ریاست کرناٹک کے بندی پور جنگلاتی علاقے میں ایک شخص نے سیلفی لینے کے شوق میں اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شخص نے نیشنل ہائی وے پر اپنی گاڑی روکی اور جنگلی ہاتھی کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔
ہاتھی نے وہاں پہنچ کر مذکورہ شخص کو کچلنے کی کوشش کی۔ تاہم یہ اس شخص کی خوش قسمتی تھی کہ وہ اس کے پیروں کو روندتا ہوا آگے گزر گیا۔
کیرالہ کا رہائشی یہ شخص شاید اس بات کا اندازہ نہ لگا سکا کہ جنگلی ہاتھی کو اس کی حرکت پسند نہیں آئی۔ جیسے ہی سیلفی لینے کی کوشش کی، ہاتھی نے اسے حملہ کرنے کے لیے دوڑایا۔
ویڈیو جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص ہاتھی کے حملے سے بچنے کے لیے سڑک کے کنارے دوڑ رہا ہے۔ لیکن جب ہاتھی اس کا پیچھا کرتا ہے، تو وہ گھبرا کر واپس سڑک کی طرف آتا ہے اور اس دوران لڑکھڑا کر گر جاتا ہے۔
ہاتھی نے اس کے قریب پہنچ کر اسے کچلنے کی کوشش کی، مگر خوش قسمتی سے وہ اس کے پیروں کے نیچے سے گزر گیا۔ تاہم، اس شخص کو شدید زخمی حالت میں مقامی افراد نے اسپتال منتقل کیا۔
واضح رہے کہ اس سڑک پر گاڑیوں کا رکنا منع ہے، لیکن اس کے باوجود مذکورہ شخص نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر گاڑی روکی۔ اس واقعے کے دوران ہاتھی اور اس شخص کا تماشا دیکھنے کے لیے کئی گاڑیاں بھی رک گئیں۔