غزہ کے بچوں کے لئے میڈونا کا دل بھی ایک ماں کی طرح رو پڑا: پوپ لیو سے غزہ کا دورہ کرنے کی اپیل

معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا نے پوپ فرانسس سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کا دورہ کریں اور وہاں موجود معصوم بچوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدامات کریں۔

میڈونا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا، ’پوپ غزہ جا کر بچوں کو بچانے کے لیے انسانی ہمدردی کے دروازے کھلوانے کی کوشش کریں۔‘

انہوں نے مزید لکھا، ’میں ایک ماں کی حیثیت سے بچوں کی تکلیف نہیں دیکھ سکتی، غزہ کے بچے سب کے بچے ہیں، اور انہیں بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘

میڈونا کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے حامی اس بیان کو سراہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد ہالی وڈ اور بالی وڈ کی شخصیات نے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ کئی فنکاروں نے اقوامِ متحدہ سمیت عالمی اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

غزہ میں جاری تشدد کے پس منظر میں عالمی شہرت یافتہ شخصیات کی یہ آوازیں ایک بار پھر دنیا کی توجہ مظلوم فلسطینی عوام کی طرف مبذول کرا رہی ہیں۔

Similar Posts