امریکا نے پاکستان کو 78ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور تجارت میں تعاون کو سراہا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا، پاکستانی عوام کو 14 اگست کے موقع پر گرم جوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی و تجارت میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ اہم شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے اور ہم اہم معدنیات، ہائیڈروکاربنز سمیت اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار ہو۔
امریکا کی جانب سے خیرسگالی سے لبریز یہ پیغام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو ”اسپیشلی ڈیزنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ“ فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مضبوطی کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی امریکا نے پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا ہے، خاص طور پر بلوچستان میں، جو قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور کئی کالعدم گروپوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
مزید برآں، حال ہی میں اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات ہوئے، جن میں دونوں ممالک نے شدت پسندی کے خاتمے اور داعش، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے حلاف مل کر لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔