باجوڑ امداد لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 5 افراد شہید

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر امدادی سامان باجوڑ لے جاتے ہوئے مہمند میں حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر مہمند جاتے ہوئے لاپتہ ہوا اور ضلع مہمند پہنچ کر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔

اعلیٰ حکا کے مطابق ہیلی کاپٹر چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں گر کر تباہ ہوا، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہیلی کاپٹر کے گرنے کی تصدیق کردی۔

صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کرگیا، حادثے کے نتیجے میں 2 پائلیٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو پنڈیالی کے قریب کریش لینڈ کرتے دیکھا گیا ہے۔

ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے آخری رابطہ باجوڑ کے علاقے پنڈیالی کے قریب ہوا، جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقام کی جانب روانہ کردی گئیں۔

ہیلی کاپٹر باجوڑ امداد لے کر جارہا تھا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخو

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ MI-17 ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقہ سالارزئی میں امدادی سامان لے کر جارہا تھا، خراب موسم کی وجہ سے ضلع مہمند کے فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی گئیں، علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات کردی ہے جب کہ دوسرا ہیلی کاپٹر بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو پائلیٹ سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہوئے، صوبائی حکومت کل سوگ منائے گی، کل صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 157 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، اور سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تھی کہ ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں کیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کریں، وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ خصوصاً دیر اور سوات کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔

Similar Posts