کلائوڈ برسٹ کیا ہوتا ہے؟

0 minutes, 0 seconds Read

حال ہی میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بونیر، مانسہرہ، سوات، شانگلہ، بٹگرام اور باجوڑ میں تباہ کن سیلابی صورتحال نے ہر طرف بربادی کی داستان بکھیر دی۔ ان تباہیوں کی بڑی وجہ ایک خطرناک موسمی مظہر ہے جسے ”کلائوڈ برسٹ“ یا ”بادل پھٹنا“ کہا جاتا ہے۔

کلائوڈ برسٹ ہوتا کیا ہے؟

کلائوڈ برسٹ ایک ایسا غیر معمولی اور شدید موسمی واقعہ ہے جس میں آسمان سے گھنٹوں یا دنوں میں برسنے والی بارش صرف چند منٹوں میں ایک ہی جگہ پر برس جاتی ہے۔ یہ بارش معمول کی بارش سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ بعض اوقات تو سینکڑوں ملی میٹر بارش محض 10 سے 20 منٹ کے دوران ہو جاتی ہے۔

اس اچانک اور شدید بارش کے نتیجے میں:

ندی نالے بپھر جاتے ہیں۔

پہاڑوں سے آنے والا پانی شدید رفتار سے نیچے آتا ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے) کے واقعات پیش آتے ہیں۔

گاؤں کے گاؤں صفحۂ ہستی سے مٹ سکتے ہیں۔

اس کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں

موسمیاتی تبدیلی

درجہ حرارت میں اضافہ

ماحولیاتی توازن کا بگڑنا

خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں یہ واقعات زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔ جب گرم اور مرطوب ہوائیں پہاڑوں سے ٹکرا کر اوپر اٹھتی ہیں اور ٹھنڈی ہوائوں سے ملتی ہیں تو بادل بنتے ہیں۔ جب بادلوں میں نمی کا دباؤ حد سے بڑھ جاتا ہے، تو وہ اچانک پھٹ پڑتے ہیں اور بارش ایک دم زمین پر برسنے لگتی ہے۔

کلائوڈ برسٹ کی پیشگوئی ممکن کیوں نہیں؟

جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کلائوڈ برسٹ کی پیشگوئی کرنا انتہائی مشکل ہے، کیونکہ یہ ایک محدود علاقے اور مختصر وقت میں ہونے والا واقعہ ہوتا ہے جسے سیٹلائٹ یا موسمی ریڈارز مکمل طور پر نہیں پکڑ سکتے۔

قدرت کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں

پہاڑوں سے آنے والا پانی صدیوں سے ایک ہی راستے سے نیچے آتا رہا ہے۔ جب انسان ان قدرتی گزرگاہوں پر بستیاں، ہوٹل یا عمارتیں تعمیر کر لیتا ہے تو قدرتی آفات کی شدت اور تباہی میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ پانی اپنی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ — چاہے وہ عمارت ہو یا پل — کو تنکوں کی طرح بہا لے جاتا ہے۔

یہ وقت ہے کہ ہم قدرت سے چھیڑ چھاڑ بند کریں، ماحول کا خیال رکھیں، اور محفوظ مقامات پر رہائش اور تعمیرات کو یقینی بنائیں۔

Similar Posts