ملک بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔
کراچی میں چہلمِ حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے راستوں پر غیر معمولی سیکورٹی انتظامات بھی کئے گئے۔ جلوس کی نگرانی کے لیے چھ ہزار سے سیکیورٹی افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے.
جمعہ کے روز جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران زنجیر زنی ،سینہ کوبی کا ماتم کرتے ہوئے علی رضا امام بارگاہ پہنچے اور نماز ظہرین ادا کی جلوس میں پھولوں سے سجے زولجناح اور تعزیے بھی نکالے گئے جس سے واقعہ کربلا کی یاد تازہ ہو گئی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہے امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
اس سے قبل نشترپارک میں مجلس منعقد کی گئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
مجلس کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا نمائش چورنگی پہنچا، جہاں نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی گئی۔ جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
لاہور میں چہلم امام حسینؓ کا مرکزی جلوس بھاٹی گیٹ کے قریب حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس کا آغاز امام بارگاہ عاشق حسین تیلی سے ہوا۔ اس موقع پر پولیس کے 4 ہزار اہلکاروں نے سیکیورٹی کی ذمہ داری نبھائی۔
مرکزی جلوس میں 5 مزید جلوس بھی شامل ہوئے اور یہ جلوس جامع مسجد روڈ پر واقع امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا۔
حیدرآباد میں چہلم کا مرکزی جلوس قدم گاہ سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا دادن شاہ تک پہنچا۔
کوئٹہ میں چہلم امام حسینؓ کے مرکزی جلوس امام بارگاہ ہزارہ نیچاری سے برآمد ہوئے، جہاں پولیس اور ایف سی کے 5 ہزار اہلکاروں نے سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر موبائل سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔
تمام جلوسوں میں عقیدت مندوں نے امام حسینؓ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک بھر میں نظم و ضبط اور امن و امان کے تحت یہ عظیم الشان مذہبی عبادات اختتام پذیر ہوئیں۔