حافظ آباد کے علاقے اسد اللہ پور میں سفاک ٹولے نے 3 افراد کو بے رحمی سے قتل کر کے ان کی گاڑی سمیت آگ لگا دی۔ مقتولین میں اسپین پلٹ شخص اور پولیس اہلکاربھی شامل ہے۔
حافظ آباد کے علاقے اسد اللہ پور کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اسپین پلٹ شخص باوا محمد حسین، پولیس کانسٹیبل رائے شہزاد اور اس کے بھتیجے محمد عثمان سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول باوا محمد حسین جو کہ مقامی زمیندار تھا اور حال ہی میں اسپین سے چھٹی پر واپس آیا تھا، پولیس کانسٹیبل اور اپنے بھتیجے کے ہمراہ سفر کر رہا تھا جب اسد اللہ پور کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان نے گاڑی کو آگ لگانے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول باوا محمد حسین کی گاؤں میں تارڑ برادری کے ساتھ دیرینہ دشمنی چل رہی تھی۔ یہ دشمنی اُس وقت مزید شدت اختیار کر گئی تھی جب چند ماہ قبل محمد حسین کے بھانجے نے مخالف گروپ کے ایک شخص کو قتل کیا تھا۔
تینوں مقتولین کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔