پاکستان پر دنیا کے کسی ملک نے سوالات نہیں اٹھائے، سابق بھارتی میجر جنرل نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور بھارت کی جنگی پالیسیوں پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ یش مور نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان آرمی چیف اور پاکستانی فوج کا وقار مزید بڑھ گیا ہے، پاکستانی آرمی چیف کو تو ٹرمپ نے بھی دعوت دی اور پاکستان پر دنیا کے کسی ملک نے سوالات نہیں اٹھائے۔

یش مور کا کہنا تھا کہ پاک بھارت حالیہ جنگی صورتحال کے بعد پاکستان آرمی چیف اور افواج پاکستان کا وقار مزید بڑھا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود پاکستانی آرمی چیف کو ملاقات کی دعوت دی، جبکہ عالمی برادری نے پاکستان پر کسی قسم کے سوالات نہیں اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں خود ریٹائرڈ فوجی افسران مودی حکومت کے بے بنیاد دعوؤں کو جھوٹا قرار دے رہے ہیں اور پاکستانی مؤقف کی تائید کر رہے ہیں۔

میجر جنرل (ر) یش مور نے سوال اٹھایا کہ بھارت کب تک اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ محاذ آرائی کی پالیسی پر گامزن رہے گا؟ کیا مستقل جنگی ماحول ہی بھارت کا مستقبل ہے؟

انہوں نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جنگی صورتحال کے دوران میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے بجائے سنسنی خیزی، جھوٹ اور افواہوں کو فروغ دیا۔

یش مور کے مطابق بھارتی میڈیا نے ”اسلام آباد پر قبضہ“ اور ”کراچی کو آگ لگا دینے“ جیسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے، جن سے بھارت کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا، یوٹیوبرز اور بعض نام نہاد سلیبریٹیز نے بھی غیر مہذب اور شرمناک زبان استعمال کی، جس کے باعث دنیا نے بھارت کو سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیا۔

یش مور کا کہنا تھا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویوں نے نہ صرف بھارت کی عالمی ساکھ کو مجروح کیا بلکہ جنگی حالات میں بھی عوام کو گمراہ کیا۔

Similar Posts