ملائکہ اروڑا ’بُڑھیا‘ کہنے پر غمزدہ، بیٹے نے کیسے صبر دیا؟

0 minutes, 0 seconds Read

بولی وُڈ اداکارہ اور 51 سالہ ماڈل ملائکہ اروڑا نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف عمر کی بنیاد پر کی جانے والی تضحیک پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ یہ تنقید کس حد تک انہیں متاثر کر رہی ہے۔

”پِنک وِلا“ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملائکہ نے انکشاف کیا کہ جب ناقدین نے انہیں ”بُڑھیا“ کہہ کر پکارا تو یہ جملہ دل پر لگ گیا۔

ان کا کہنا تھا، ’میرے لیے ”بڑھیا“…؟ مطلب کوئی یہ کسی کو کیسے کہہ سکتا ہے؟ کبھی کبھی یہ چیز ٹرگر کر دیتی ہے کیونکہ یہ انتہائی بے حس رویہ ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ لوگ صرف ان کا خوش گوار اور بہادر روپ دیکھتے ہیں، مگر یہ نہیں سمجھ پاتے کہ بظاہر مسکراہٹ کے پیچھے کئی باتیں دل کو چبھ سکتی ہیں اور تکلیف پہنچا سکتی ہیں۔

ملائکہ نے بتایا کہ انہوں نے منفی تبصروں کو اپنی طاقت بنانا سیکھ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میرا ماننا ہے ایسے لمحات کو ایک چیلنج کے طور پر لینا چاہیے۔ لوگوں کو جواب دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان سے بھی بہتر بن کر دکھایا جائے۔ میں ثابت کرنا چاہتی ہوں کہ میں کچھ بھی کر سکتی ہوں۔‘

گفتگو کے دوران ملائکہ نے اپنے بیٹے ارہان خان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں اپنی ”سب سے بڑی طاقت“ قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ’وہ ہمیشہ کہتا ہے کہ ماما، اس میں اتنا مسئلہ ہی کیا ہے؟ کسی نے کچھ کہہ دیا تو کیا ہوا؟ اس بات کو خود پر کیوں حاوی ہونے دیتی ہو؟۔ اس کی یہ باتیں مجھے فوراً نیا حوصلہ دیتی ہیں اور میرا ذہن مثبت سمت میں ری سیٹ ہو جاتا ہے۔ پھر میں خود کو کہتی ہوں کہ آگے بڑھنا ہے اور پیچھے نہیں دیکھنا۔‘

ملائکہ اروڑا کی یہ باتیں ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ اصل خوبصورتی اور طاقت اندر سے آتی ہے، اور وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی ہوئی عمر انسان کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط بنا دیتی ہے۔

Similar Posts